ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / چوٹ کی وجہ سے ساؤتھی ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

چوٹ کی وجہ سے ساؤتھی ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

Sat, 17 Sep 2016 19:21:35  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 17؍ستمبر(آئی این ایس انڈیا )نیوزی لینڈ کے تجربہ کار تیزگیندباز ٹم ساؤتھی ٹریننگ کے دوران ٹخنے میں چوٹ کی وجہ سے ہندوستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ٹریننگ کے دوران گیندبازی کرتے ہوئے ساؤتھی کو پاؤں میں درد محسوس ہوا اور اسکین کرنے پر ان کے بائیں پاؤں کے ٹخنوں میں گریڈ دو کی چوٹ کا پتہ چلا ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ نے اپنی ویب سائٹ پر یہ معلومات دی ہے ۔ساؤتھی چوٹ پر قابو پانے کے لیے وطن واپس لوٹیں گے لیکن ان کے ہندوستان کے خلاف ہونے والی پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے فٹ ہونے کی امید ہے۔ساؤتھی کی چوٹ نیوزی لینڈ کے لیے بڑا دھچکا ہے کیونکہ وہ اس کے سب سے تجربہ کار ٹیسٹ گیندباز ہیں۔انہوں نے 52ٹیسٹ میں 32.63کی اوسط سے 177وکٹ حاصل کئے ہیں۔چار ٹیسٹ کھیلنے والے میٹ ہنری ٹیم میں ساؤتھی کی جگہ لیں گے۔کوچ مائیک ہیسن نے کہاکہ ٹم نے اس دورے کی تیاری کے لیے سخت محنت کی تھی اس لیے تینوں ٹیسٹ سے باہر ہونے سے وہ مایوس ہے۔انہوں نے کہاکہ اب ٹم کو ٹخنوں کو سات سے 10دن کا آرام دینا ہو گا اور پھر ون ڈے سیریز سے پہلے آہستہ آہستہ گیندبازی کا بوجھ لینا ہوگا۔ہیسن نے کہاکہ ان کے متبادل کے طور پر میٹ ہنری تیار ہیں اور وہ پہلے ٹیسٹ کے آغاز سے پہلے ٹیم سے جڑیں گے ۔نیوزی لینڈ کی ٹیم فی الحال فیروز شاہ کوٹلہ پر اپنا واحد پریکٹس میچ کھیل رہی ہے۔
 


Share: